Native World News

تیل بحران نے برطانیہ کو روس کے سامنے جھکنے پر مجبور کردیا

تیل بحران نے برطانیہ کو روس کے سامنے جھکنے پر مجبور کردیا

برطانوی محکمہ تجارت کے مطابق یہ لائسنس غیر معینہ مدت کیلئے جاری کیا گیا ہے

برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے روسی جیٹ فیول اور ڈیزل کی درآمدات سے متعلق پابندیوں میں نرمی کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام برطانوی عوام کو بڑھتی ہوئی توانائی قیمتوں سے بچانے کیلئے کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی حکومت نے ایک نئی تجارتی اجازت نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت روسی خام تیل سے تیار کیا گیا جیٹ فیول اور ڈیزل تیسرے ممالک، خصوصاً انڈیا میں ریفائن ہونے کے بعد برطانیہ درآمد کیا جا سکے گا۔

برطانوی محکمہ تجارت کے مطابق یہ لائسنس غیر معینہ مدت کیلئے جاری کیا گیا ہے، تاہم اس کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جاتا رہے گا۔

حکومت نے بعض روسی پلانٹس سے نکلنے والی مائع قدرتی گیس پر عائد پابندیوں میں بھی عارضی نرمی کی ہے۔

وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ یہ دونوں لائسنس محدود مدت اور مخصوص حالات کیلئے جاری کیے گئے ہیں تاکہ نئی پابندیوں پر مرحلہ وار عمل درآمد ہوسکے اور برطانوی صارفین کو شدید مہنگائی سے بچایا جا سکے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپوزیشن رہنما کیمی بیڈنوخ نے الزام عائد کیا کہ برطانیہ روسی تیل خرید کر یوکرین جنگ کیلئے روس کو مالی مدد فراہم کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ روس کے 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد برطانیہ نے روس کے خلاف سخت پابندیاں عائد کی تھیں، جن میں تیل کی برآمدات اور ہزاروں روسی افراد و کمپنیوں پر پابندیاں شامل تھیں۔

یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور توانائی بحران شدت اختیار کر رہا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2814044/uk-eases-sanctions-on-russian-jet-fuel-and-diesel-imports-2814044/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.