بلدیہ ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بزرگ شہری سمیت دو افراد زخمی ہوگئے، پولیس
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ بزرگ شہری سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے اور رواں سال کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی مجموعی تعداد 39 اور جبکہ درجنوں افراد ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی بھی ہو چکے ہیں۔
پولیس کے مطابق نیو کراچی کے علاقے سیکٹر فائیو ایف دعا چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 45 سالہ عمران کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے جائے وقوع سے شواہد حاصل کرلیے ہیں۔
ایس ایچ او بلال کالونی راؤ شبیر نے بتایا کہ واقعہ موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے، ڈاکو مقتول کا موبائل فون بھی چھین کر لے گئے ہیں جبکہ پولیس کو جائے وقوع سے 30 بور پستول کے خول ملے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو تلاش کر کے ان کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ڈاکوؤں کی شناخت میں مدد مل سکے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ کچھ اہم شواہد ملے ہیں جن کی مدد سے ڈاکوؤں کا جلد سراغ لگا لیا جائے گا تاہم پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن 4 نمبر پٹنی اسپتال کے قریب فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنھیں چھیپا کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا جہاں ان کی شناخت 75 سالہ فقیر محمد اور 18 سالہ حسین کے نام سے کی گئی۔
بلدیہ ٹاؤن پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آیا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے رواں سال کے دوران اب تک جاں بحق شہریوں کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے اور درجنوں افراد ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی بھی ہو چکے ہیں۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.