Native World News

ایف آئی اے کی کارروائی، اٹلی سے ڈی پورٹ پاکستانی شہری گرفتار

ایف آئی اے کی کارروائی، اٹلی سے ڈی پورٹ پاکستانی شہری گرفتار

گرفتار مسافر ترکی پہنچنے کے بعد مقررہ مدت ختم ہونے کے باوجود غیرقانونی طور پر مقیم رہا، حکام

وفاقی تحقیقاتی ادارہ )ایف آئی اے( امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران  اٹلی سے ڈی پورٹ پاکستان شہری کوگرفتارکرلیا، جو غیرقانونی طریقے سے ترکی سے یونان کی سرحد عبور کرکے خطرناک راستوں کے ذریعے اٹلی پہنچنے میں کامیاب ہوا۔

ایف آئی اےحکام کے مطابق جناح ٹرمینل ائیرپورٹ پر تعینات امیگریشن عملے نےاٹلی سے ڈی پورٹ ہو کر پاکستان پہنچنے والے مسافرکے خلاف فوری کارروائی عمل میں لاتےہوئے، اسےگرفتار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے مسافر اسامہ علی پاکستانی سفری دستاویزات پر قانونی طریقے سے بیرون ملک روانہ ہوا تھا، تاہم بعد ازاں امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیرقانونی قیام میں ملوث پایا گیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار مسافر ترکی پہنچنے کے بعد مقررہ مدت ختم ہونے کے باوجود غیرقانونی طور پر مقیم رہا اور قانون کی خلاف ورزی جاری رکھی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر نے غیرقانونی طریقہ اختیار کرتے ہوئے ترکی سے یونان کی سرحد عبور کی اور خطرناک راستوں کے ذریعے اٹلی پہنچنے میں کامیاب ہوا، جس کے بعد پناہ کی درخواست دائرکی اور وطن واپسی پر مبینہ خطرات سے متعلق مؤقف اختیار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر متعلقہ حکام نے عارضی بنیاد پر قیام کی اجازت دی، تاہم مکمل جانچ پڑتال کے بعد مسافر کی اپیل مسترد کردی گئی، اپیل مسترد ہونے کے بعد اٹلی کے حکام نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو حراست میں لیا اور امیگریشن قوانین کے تحت ملک چھوڑنےکا حکم جاری کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ مسافر کو غیرقانونی قیام کے باعث ڈی پورٹ کردیا گیا اور ترک ائیرلائنز کی پروازکے ذریعے پاکستان واپس بھیج دیا گیا، مسافر پاکستانی سفارت خانے روم اٹلی کی جانب سےجاری کردہ ایمرجنسی پاسپورٹ کے ذریعے پاکستان پہنچا ہے۔

ایف آئی اے امیگریشن حکام نے مسافر کی آمد پر تمام قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئےضابطےکے مطابق کارروائی مکمل کی۔

بیان میں کہا گیا کہ ایف آئی اے شہریوں کو آگاہ کرتی ہےکہ غیرقانونی راستوں سے بیرون ملک سفرکی کوششوں سےاجتناب کیا جائےکیونکہ ایسےاقدامات نہ صرف خطرناک ہوسکتے ہیں بلکہ ملکی وغیرملکی قوانین کےتحت قانونی کارروائی کا باعث بھی بن سکتےہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2819228/fia-operation-italy-deport-pakistani-arrested-2819228/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.