Native World News

پٹرول کی قیمتیں کم نہ ہونے پر ٹرمپ کا بڑی آئل کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا حکم

پٹرول کی قیمتیں کم نہ ہونے پر ٹرمپ کا بڑی آئل کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا حکم

امریکی کانگریس کے انتخابات قریب آنے کے باعث ایندھن کی قیمتوں کا مسئلہ سیاسی طور پر مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پٹرول کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ آنے پر بڑی تیل کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں، لیکن اس کے باوجود صارفین کو ریلیف نہیں دیا جا رہا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ بڑی آئل کمپنیاں خام تیل کم قیمت پر خرید رہی ہیں مگر پٹرول پمپوں پر قیمتیں اسی تناسب سے کم نہیں کی جا رہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کمپنیاں صارفین سے غیر منصفانہ منافع کما رہی ہیں اور عوام کو زائد قیمت ادا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق خام تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں لیکن پٹرول کی قیمتوں میں اس کے مطابق کمی نہیں ہو رہی۔

یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا میں ایندھن کی قیمتیں ایک اہم سیاسی مسئلہ بنی ہوئی ہیں۔ ملک میں زیادہ تر لوگ روزمرہ سفر کے لیے گاڑیوں پر انحصار کرتے ہیں، اس لیے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ براہ راست عوامی زندگی اور سیاسی ماحول پر اثر انداز ہوتا ہے۔

فروری میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے دوران ایران نے آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل محدود کر دی تھی، جس کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا۔

فیفا ورلڈکپ: ڈونلڈ ٹرمپ کی فائنل میں شرکت کی تصدیق، فاتح ٹیم کو ٹرافی دیں گے

ٹرمپ کی مشکلات میں اضافہ، کانگریس نے ایران جنگ روکنے کا مطالبہ کر لیا

ایران جنگ سے متعلق ووٹنگ پر ٹرمپ برہم، امریکی کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بنا دیا

بعد ازاں ایران اور امریکا کے درمیان ابتدائی معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکروں کی آمدورفت بحال ہونے لگی، جس سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی۔ تاہم امریکا میں پٹرول کی قیمتیں اب بھی جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس نہیں آ سکیں۔

صدر ٹرمپ کو اپوزیشن اور بعض معاشی ماہرین کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے توانائی بحران نے امریکی صارفین پر اضافی بوجھ ڈالا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر پٹرول کی قیمتوں پر آنے میں وقت لگ سکتا ہے، اور قیمتیں فوری طور پر جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس آنے کا امکان کم ہے۔

ادھر امریکی کانگریس کے انتخابات قریب آنے کے باعث ایندھن کی قیمتوں کا مسئلہ سیاسی طور پر مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819036/trump-orders-probe-into-oil-companies-over-high-gas-prices-2819036/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.