شکست کے باوجود کینیڈا نے پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سوئٹزرلینڈ نے میزبان کینیڈا کو 1-2 سے شکست دے کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی اور ناک آؤٹ مرحلے کے لیے اپنی جگہ مضبوط کر لی۔
وینکوور میں کھیلے گئے میچ میں پہلے ہاف کے دوران دونوں ٹیموں کو واضح مواقع کم ملے تاہم سوئٹزرلینڈ نے نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا۔
کپتان گرانیت ژاکا نے اپنے کیریئر کا 149واں بین الاقوامی میچ کھیلا جبکہ بریل ایمبولو کی ایک خطرناک کوشش کو کینیڈین گول کیپر میکسیم کریپو نے شاندار انداز میں ناکام بنایا۔
میچ کا فیصلہ دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی ہو گیا۔ 46ویں منٹ میں جوہان مانزامبی کے کراس پر روبن ورگاس نے گول کرکے سوئٹزرلینڈ کو برتری دلائی۔
صرف 11 منٹ بعد مانزامبی نے خود گول اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی سبقت دگنی کر دی جس میں ایمبولو کی عمدہ ہولڈ اپ پلے نے اہم کردار ادا کیا۔
کینیڈا نے میچ میں واپسی کی کوشش کی اور 76ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی پرومس ڈیوڈ نے میدان میں آنے کے محض 76 سیکنڈ بعد خوبصورت ٹیم موو مکمل کرتے ہوئے گول کر دیا تاہم میزبان ٹیم مزید کوئی گول نہ کر سکی۔
اس فتح کے ساتھ سوئٹزرلینڈ گروپ بی میں سرفہرست رہا اور اب 3 جولائی کو اسی اسٹیڈیم میں گروپ ای، ایف، جی، ایچ، آئی یا جے کی کسی تیسرے نمبر کی ٹیم کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے کا میچ کھیلے گا۔
سوئٹزرلینڈ نے اس کامیابی کے ساتھ ایک منفرد اعزاز بھی اپنے نام کر لیا اور وہ ارجنٹینا اور فرانس کے بعد تیسرا ملک بن گیا ہے جو مسلسل چار ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں پہلے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
دوسری جانب شکست کے باوجود کینیڈا نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
گروپ میں دوسرے نمبر پر رہنے والی کینیڈین ٹیم اب 28 جون کو لاس اینجلس میں گروپ اے کی رنر اپ ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گی۔
گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے باعث کینیڈا اپنا ہوم ایڈوانٹیج بھی کھو بیٹھا ہے اور اب ٹورنامنٹ کے باقی تمام میچز امریکا میں کھیلے گا۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.