Native World News

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ

جنیوا میں ہونے والی مفاہمتی یاداشت کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت ضروری نہیں رہی ہے

وزیراعظم شہباز شریف کا سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کی تقریب میں شرکت کے لیے شیڈول دورہ منسوخ کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج رات سوئٹزرلینڈ روانہ ہورہے تھے تاہم ایران اور امریکا کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب الیکٹرانک طور پر منعقد ہونے کے باعث دورہ منسوخ کیا گیا۔

جنیوا میں ہونے والی مفاہمتی یاداشت کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت ضروری نہیں رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایم او یو پر امریکی اور ایرانی صدور کے دستخط کے بعد بطورثالث توثیق کر دی ہے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت فوری طور پر نافذ العمل، ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز فوری کھولنے، امریکا نے بحری ناکہ بندی ختم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے، اسلام آباد معاہدہ خطے میں امن کے لیے تاریخی پیش رفت ہے۔

امریکا ایران معاہدہ: وزیر اعظم پاکستان نے اسلام آباد مفاہمتی یاداشت پر بطور ثالث دستخط کردیے

وزیراعظم شہباز شریف نے امن معاہدے میں کردار پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد دی اور کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے سفارت کاری کے ذریعے بڑے تنازع کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی کوششیں قابل ستائش ہیں، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے تدبر کو خراجِ تحسین ہیش کرتے ہیں، ایرانی مذاکراتی ٹیم کی صبر آزما کوششیں معاہدے کی کامیابی میں اہم رہیں۔

وزیراعظم نے قطر کی قیادت کے مخلصانہ کردار پر خصوصی اظہار تشکر کیا، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی قیادت کی امن کوششوں کو بھی وزیراعظم نے خراج تحسین پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک کاوشیں امن معاہدے میں فیصلہ کن ثابت ہوئیں، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں باہمی احترام، امن اور خوش حالی کی بنیاد بنے گی۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بطور ثالث دستخط کیے، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے دستخط موجود ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2818134/prime-minister-shehbaz-sharif-switzerland-visit-cancel-2818134/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.