کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھا کر 25 لاکھ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ڈاکٹر کبیر سدھو
چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا ہے کہ فنانشل ٹیکنالوجی کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ کو ہر پاکستانی کی دسترس میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھا کر 25 لاکھ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ڈاکٹر کبیر سدھو نے سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور مینجمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو موبائل فون کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرمایہ کاری کا عمل مزید آسان اور عام شہریوں کے لیے قابل رسائی بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی کی آپریشنل کارکردگی، سائبر سیکیورٹی کے انتظامات اور جاری ڈیجیٹل منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسٹاک مارکیٹ میں ڈیجیٹل ان بورڈنگ کے لیے تیار کی جانے والی موبائل ایپ پر بھی غور کیا گیا، جسے جولائی 2026 میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔
چیئرمین ایس ای سی پی نے کہا کہ نئی موبائل ایپ کے ذریعے سرمایہ کاری کا عمل آسان، محفوظ اور تیز رفتار ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی کی اسٹریٹجک ری اسٹرکچرنگ سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا، جن کے تحت کمپنی کے بنیادی ڈپازٹری فنکشن کو دیگر کاروباری سرگرمیوں، بشمول ٹرسٹی سروسز، سے علیحدہ کیا جائے گا۔
ڈاکٹر کبیر سدھو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سی ڈی سی اور ایس ای سی پی ملک کی کیپٹل مارکیٹس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو جدید، محفوظ اور مؤثر مالیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.