Native World News

غزہ؛ گرفتار رضاکاروں کیساتھ انسانیت سوز سلوک؛ اسرائیلی وزیر کی ہتک آمیز ویڈیو وائرل

غزہ؛ گرفتار رضاکاروں کیساتھ انسانیت سوز سلوک؛ اسرائیلی وزیر کی ہتک آمیز ویڈیو وائرل

اسرائیلی فورسز نے امدادی قافلے صمود فلوٹیلا کے 430 رضاکاروں کو بین الاقوامی پانیوں سے گرفتار کیا تھا

اسرائیلی ناکہ بندی کو توڑتے ہوئے غزہ امدادی سامان پہنچانے کی کوشش کرنے والے بحری قافلے صمود فلوٹیلا کے رضاکاروں کو صیہونی فورسز نے حراست میں لے لیا تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امدادی رضاکاروں کو بین الاقوامی پانیوں پر گرفتار کرنے کے بعد جنگی قیدیوں کی طرح اسرائیل پہنچادیا گیا۔

اسرائیل کی قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بین گویر نے حراستی مرکز کا دورہ کیا اور انھوں نے وہاں نہ صرف ویڈیوز بنائیں بلکہ رعونت بھرے لہجے میں دھمکیاں بھی دیں۔

انتہا پسند اسرائیلی وزیر نے یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد رضاکاروں کے ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے ہیں اور انہیں گھٹنوں کے بل جھکایا گیا ہے۔

ایک ویڈیو میں ایتمار بن گویر اسرائیلی پرچم لہراتے ہوئے زیرِ حراست رضاکاروں سے کہتا ہے کہ اسرائیل میں خوش آمدید، یہاں ہم مالک ہیں۔

اسی دوران ایک ہتھکڑی لگے کارکن نے فلسطین کو آزاد کرو کا نعرہ لگایا تو سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے فوراً زمین پر گرا دیا۔

دوسری ویڈیو میں اسرائیلی وزیر نے کہا کہ یہ رضاکار بڑے ہیرو بننے آئے تھے اب ان کی حالت دیکھو جبکہ انھوں نے اسرائیلی وزیرِ اعظم سے مطالبہ کیا کہ ان رضاکاروں کو طویل عرصے تک اسرائیلی جیل میں رکھا جائے۔

اطلاعات کے مطابق اس بحری قافلے میں 40 سے زائد ممالک کے تقریباً 430 رضاکار شامل تھے اور ان سب کو حراست میں لے لیا گیا۔

قافلے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کارروائی کے دوران بعض کشتیوں پر فائرنگ بھی کی۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے 2007 سے غزہ پر حماس کے کنٹرول کے بعد سے سمندری ناکہ بندی نافذ کر رکھی ہے۔

اسرائیلی حکام کا مؤقف ہے کہ اس ناکہ بندی کا مقصد حماس کو اسلحہ حاصل کرنے سے روکنا ہے جبکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اسے اجتماعی سزا قرار دیتی ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2813946/israeli-national-security-minister-itamar-ben-gvir-video-samud-fotila-2813946/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.