Native World News

بالی ووڈ فلم ساز روہت شیٹی کو بشنوئی گینگ کی 20 کروڑ بھتے کی دھمکی

بالی ووڈ فلم ساز روہت شیٹی کو بشنوئی گینگ کی 20 کروڑ بھتے کی دھمکی

روہت شیٹی کی سیکیورٹی مزید سخت اور معاملے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے، ممبئی پولیس

بالی ووڈ فلم ساز روہت پر فائرنگ کے بعد اب لارنس بشنوئی گینگ نے مبینہ طور پر 20 کروڑ بھارتی روپے بھتے کی دھمکی دے دی ہے، جنہیں پہلے ہی سیکیورٹی خدشات کا سامنا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم ساز روہت شیٹی کو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے بھیجی گئی ایک آڈیو کلپ سامنے آئی ہے، جس میں ان سے 20 کرورٹ روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی ہے۔

روہت شیٹی کو ملنے والی مبینہ دھمکی پر بھارت کی فلم انڈسٹری کی مشہور شخصیات کی سلامتی کے حوالے سے سنگین خدشات سامنے آئے ہیں کیونکہ اس سے سلمان خان اور دیگر متعدد مشہور اداکاروں کو دھمکیاں موصول ہوچکی ہیں۔

لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے روہت شیٹی کو موصول ہونے والی 90 سیکنڈ کی آڈیو کلب میں 20 کروڑ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی گئی ہے کہ رواں برس کے شروع میں ان کے گھر کے باہر ہونے والی فائرنگ صرف ایک ٹریلر تھا اور اگر مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو اس کے نتائج مزید سنگین ہوسکتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 20 کروڑ بھتے کے ساتھ دھمکی شبھم لونکار کی جانب سے روہت شیٹی کی ٹیم کو دی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مہینوں قبل رہائش گاہ جوہو پر کی گئی فائرنگ صرف ایک ٹریلر تھا اور اگر مطالبے کو نظراندا کیا گیا تو اس دفعہ گولیاں اپنا نشانہ نہیں چوکیں گی۔

روہت شیٹی کی ٹیم کو یہ آڈیو کلپ ہفتے کی صبح موصول ہوئی، جس نے پیغام سننے کے فوری بعد پولیس کا آگاہ کردیا اور ممبئی پولیس بھی فوری طور پر اس طرف متوجہ ہوگئی ہے کیونکہ چند ماہ قبل ہی روہت شیٹی کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔

ممبئی پولیس نے اس آڈیو کلپ کو لارنس بشنوئی گینگ سے جڑے قریبی ساتھیوں کا اقدام قرار دیا ہے۔

تفتیش کاروں نے بتایا کہ مبینہ آڈیو پیغام میں فلم ساز کو براہ راست دھمکی دی گئی ہے اور بھتے کا مطالبہ کیا گیا ہے، ممبئی پولیس کرائم برانچ کے افسر نے بتایا کہ روہت شیٹی کے اسٹاف نے دھمکی پر مبنی آڈیو کلپ کے حوالے سے ہمیں آگاہ کیا۔

ممبئی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس نے معاملے پر تفتیش شروع کردی ہے اور آڈیو کلپ فرانزک کے لیے بھیج دی گئی ہے، جوہو پولیس اس حوالے سے مقدمہ بھی درج کر رہی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ آڈیو کی آواز شبھم لونکار کی ہے جو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی ہے تاہم اس کی فرانزک کے ذریعے باقاعدہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

دوسری جانب روہت شیٹی کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے اور انہوں نے تازہ دھمکی کے حوالے سے کوئی بیان بھی جاری نہیں کیا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819643/bollywood-film-maker-rohit-shetty-get-20-crore-extortion-threat-from-lawrence-bishnoi-gang-2819643

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.