پاکستان کا یہ تاریخی کارنامہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے کیپ ورڈی کی فٹبال ٹیم فیفا ورلڈ کپ جیت جائے، وال اسٹریٹ جنرل
پاکستان نے دنیا میں امن اور استحکام کے لیے کامیاب سیاسی اور ملٹری ڈپلومیسی کا لوہا منوا لیا، جس کے باعث امریکا ایران امن معاہدہ میں پاکستانی ثالثی کی عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ہو رہی ہے۔
امریکی جریدے نے امریکا ایران امن معاہدے میں پاکستان کے کلیدی کردار کو تاریخی سفارتی کامیابی قرار دے دیا۔
معروف امریکی جریدہ وال سٹریٹ جنرل کے مطابق ایران امریکا معاہدہ پاکستان کے لیے ایک مکمل اور غیر مشروط کامیابی ہوگا جس نے دونوں ممالک کے درمیان ثالث کا اہم کردار ادا کیا۔
وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق پاکستانی ثالثی میں طے ہونے والے امریکا ایران امن معاہدے پر جمعہ کو امریکی اور ایرانی حکام سوئٹزرلینڈ میں باضابطہ دستخط کریں گے۔ سفارتی میدان میں پاکستان کا یہ تاریخی کارنامہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے کیپ ورڈی کی فٹبال ٹیم فیفا ورلڈ کپ جیت جائے۔
عالمی جریدے کے مطابق صدر ٹرمپ نے متعدد بار پاکستان کی قیادت کی عوامی سطح پر تعریف کی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پسندیدہ فیلڈ مارشل قرار دیا۔ اپریل میں ہونے والے اسلام آباد ٹاکس نے پاکستان کو عالمی میڈیا میں مثبت توجہ حاصل کرنے کا ایک نادر موقع دیا۔
وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق صدر ٹرمپ کا پاکستان کی طرف بڑھتا ہوا جھکاؤ بھارت کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کمزور سفارتی مہم کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے، صدر ٹرمپ کے اقتدار کے دوسرے دور میں واشنگٹن اور اسلام آباد کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی اور ان میں غیر معمولی پیشرفت دیکھی گئی۔
ماہرین کے مطابق مذاکرات کی میزبانی اور تصادم کے بجائے مکالمے کو فروغ دے کر پاکستان نے خود کو بین الاقوامی سفارتکاری میں ایک غیر جانبدار اور معتبر ثالث کے طور پر منوایا، پاکستان پر ایران کے اعتماد اور امریکا کے ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک ریلیشن شپ نے اسے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے ایک منفرد مقام فراہم کیا۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.