ملزمان کے قبضے سے 2 غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خول، موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کر لی گئی ہے
ضلع غربی کے علاقے ہوا گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ترجمان ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق تھانہ اقبال مارکیٹ کی حدود میں پولیس نے مشتبہ ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی ملزم سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت محمد فراز ولد مشتاق کے نام سے ہوئی ہے،جبکہ دیگر گرفتار ہونے والے دیگر ملزمان میں نصیر علی ولد علی اصغر، محمد رمضان ولد اسماعیل اور اقبال ولد نہال شامل ہیں۔
ایس ایس پی طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خول، موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے تھانے منتقل کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے حوالے سے ضابطے کی کارروائی جاری ہے اور گرفتار ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.