Native World News

تمنا بھاٹیا کتنی دولت کی مالک ہیں؟ اداکارہ نے دولت کمانے کا اصل مقصد بھی بتا دیا

تمنا بھاٹیا کتنی دولت کی مالک ہیں؟ اداکارہ نے دولت کمانے کا اصل مقصد بھی بتا دیا

رواں سال انہوں نے اپنا جیولری برانڈ "تمنا فائن جیولری" بھی متعارف کرایا

بھارت کی مشہور اداکارہ تمنا بھاٹیا نے کہا ہے کہ ان کے لیے دولت کا مقصد صرف پیسہ جمع کرنا نہیں بلکہ اپنی شناخت، قدر اور کامیابی کا سفر طے کرنا ہے۔

امریکی جریدے فوربز کو دیے گئے انٹرویو میں تمنا نے دولت، کاروبار اور مستقبل کے منصوبوں پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

تمنا بھاٹیا کا کہنا تھا کہ وہ اس حقیقت کو اچھی طرح سمجھ چکی ہیں کہ دنیا کی کوئی بھی دولت انسان اپنے ساتھ نہیں لے جا سکتا۔ اسی لیے وہ دولت بنانے کے عمل سے لطف اندوز ہو رہی ہیں اور ان کے لیے اصل خوشی اپنی محنت سے کچھ منفرد اور دیرپا تخلیق کرنے میں ہے۔ ان کے مطابق وہ دولت، اپنی پہچان اور کامیابی کے سفر کو بھرپور انداز میں انجوائے کر رہی ہیں کیونکہ یہی عمل انہیں حقیقی اطمینان دیتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ایک حد کے بعد انسان پیسے سے مزید کچھ حاصل نہیں کر سکتا، اس لیے ان کی خواہش ہے کہ وہ ایسا کام کریں جو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی انہوں نے کسی بڑے مقصد کے لیے کام کیا، دولت خود بخود اس کا نتیجہ بن کر سامنے آئی۔

تمنا بھاٹیا کے مطابق وہ اپنے کام کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنا اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کی مدد کرنا کسی ایک دن تک محدود نہیں بلکہ یہ عمل کاروبار اور کامیابی کے سفر کے ساتھ مسلسل جاری رہنا چاہیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تمنا بھاٹیا تقریباً 90 فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں جبکہ ان کی مجموعی دولت ایک ارب بھارتی روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔ رواں سال انہوں نے اپنا جیولری برانڈ "تمنا فائن جیولری" بھی متعارف کرایا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان کی اصل ترجیح صرف دولت کمانا نہیں بلکہ اپنے کام اور کاروبار کو مزید وسعت دینا ہے اور کسی اچھے کام کی وجہ سے ہمیشہ یار رکھے جانا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819325/how-much-wealth-does-tamannaah-bhatia-own-the-actress-reveals-the-real-purpose-behind-earning-money-2819325

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.