ایونٹ 21 ستمبر سے 6 اکتوبر تک انڈونیشیا میں کھیلا جائے گا
عالمی فٹبال تنظیم فیفا کی جانب سے مدعوکیے جانے کے بعد پاکستان فٹبال ٹیم نے افتتاحی فیفا آسیان (ASEAN) کپ میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
فیفا آسیان کپ ایک نیا ریجنل نیشنل فٹبال ٹورنامنٹ ہے جسے فیفا اور ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ نیشنز (ASEAN) کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ ایونٹ 21 ستمبر سے 6 اکتوبر تک انڈونیشیا میں کھیلا جائے گا جس میں خطے کی مختلف قومی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان کے علاوہ میزبان انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، سنگاپور اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔
یہ پاکستان فٹبال کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہوگا کیونکہ قومی ٹیم پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز اور براعظمی مقابلوں کے علاوہ کسی فیفا ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔
یہ ٹورنامنٹ پاکستان کے لیے علاقائی سطح کی مضبوط ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کو آزمانے اور بین الاقوامی سطح پر تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا خصوصاً ایسے وقت میں جب ملک میں فٹبال دوبارہ ترقی کی جانب گامزن ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان کو اس ایونٹ میں شامل کیے جانے کے پیچھے فیفا اور پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر محسن گیلانی کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط نے اہم کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں پاکستان فٹبال ٹیم نے مالے میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے فائنل میں افغانستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.