Native World News

کوئٹہ، پولیس اور اسنیچرز کے درمیان مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار

کوئٹہ، پولیس اور اسنیچرز کے درمیان مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار

گرفتار ملزم اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا، ایس ایچ او

تھانہ خالق شہید کی حدود میں پولیس اور مبینہ اسنیچرز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق سریاب ڈویژن کے ایس پی عابد بخاری کی نگرانی میں پولیس معمول کی گشت اور چیکنگ میں مصروف تھی کہ اس دوران مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔

تاہم ملزمان نے پولیس کے اشارے کو نظر انداز کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم زخمی ہو گیا جسے پولیس نے موقع پر ہی گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن اور ناکہ بندی جاری ہے۔

ایس ایچ او خالق شہید اعجاز محمود کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایک شہری سے چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ فرار ساتھی کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2817125/quetta-encounter-between-police-and-snatchers-one-accused-arrested-in-injured-condition-other-escapes-2817125/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.