Native World News

کراچی: منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کا 3 روزہ جسمانی منظور

کراچی: منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کا 3 روزہ جسمانی منظور

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گزشتہ روز عدالت نے ملزمہ کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی تھی

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار کے سخت نوٹس اور فوری احکامات کے بعد منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے پولیس نے قانونی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے عدالت سے دوبارہ رجوع کیا، جس کے بعد عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔

عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا جس کے مطابق انمول عرف پنکی کو جیل بھیجنے کے فیصلے کے خلاف نظرِ ثانی درخواست منظور کرلی۔

عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، 12 مئی کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو جیل بھیجا تھا۔

حکمنامے کے مطابق تفتیشی افسر انسپکٹر ساجدہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا، تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ مانگا گیا تھا،

تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ انمول عرف پنکی منشیات فروش گینگ کی سربراہ ہے، ملزمہ منظم طریقے سے منشیات سپلائی کرواتی ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ سے ریمانڈ مانگا گیا مگر انہوں نے ملزمہ کو جیل بھیج دیا۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ سے تفتیش درکار ہے تاکہ اس کے گینگ سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں، عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ کا ملزمہ کو جیل بھیجنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور 15 مئی تک انمول عرف پنکی کا ریمانڈ منظور کرلیا۔

عدالت نے وومن جیل کی سپرنٹنڈنٹ کو ملزمہ انمول کی کسٹڈی تفتیشی افسر کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا، تفتیشی افسر کو ملزمہ کا ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

عدالت نے حکمنامے کی کاپی ایس ایس پی انویسٹیگیشن اور وومن جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھیجنے کی بھی ہدایت کردی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ملزمہ کے خلاف قتل، منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج ہیں، جبکہ دورانِ تفتیش اہم شواہد اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ریمانڈ مسترد ہونے کے بعد پولیس نے کیس کے قانونی پہلوؤں کا ازسرنو جائزہ لیا اور مضبوط دلائل کے ساتھ عدالت میں مؤقف پیش کیا، جس پر عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے ہدایت کی ہے کہ کیس کی شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر تفتیش یقینی بنائی جائے تاکہ تمام حقائق سامنے آسکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی پر یقین رکھتی ہے اور قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزمہ کے خلاف کارروائی شواہد اور قانون کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی، جبکہ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ تینوں مقدمات میں مکمل تحقیقات کرکے چالان مضبوط بنیادوں پر عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

یاد رہے کہ کراچی میں گارڈن پولیس نے آج کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش خاتون کو گرفتار کیا تھا۔

پولیس کا دعویٰ ہےکہ ملزمہ انمول عرف پنکی سے پستول،کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد کی گئیں۔

پولیس کے مطابق انتہائی مطلوب اور 10 مقدمات میں مفرور ملزمہ شہر میں منشیات ڈیلنگ و سپلائی کے نیٹ ورک کو آپریٹ کررہی تھی۔

ملزمہ آن لائن منشیات کو مخصوص رائیڈرز کے ذریعے سپلائی کرتی تھی، اس کے علاوہ وہ خواتین رائیڈرز کا بھی استعمال کرتی تھی۔

Source: https://www.express.pk/story/2812826/alleged-leaked-audio-of-pinky-the-accused-arrested-in-a-drug-case-has-surfaced-2812826/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.