شاہراہ بھٹو کو رواں ماہ کھول دیا جائے گا، کراچی پورٹ سے تاج حیدر برج روڈ منصوبہ بھی جلد شروع ہو رہا ہے، سینئر صوبائی وزیر
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے شہر قائد کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے ایک منصوبے کی تکمیل اور دوسرے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ شاہراہ بھٹو کو مکمل طور پر کھول دیا جائے گا، جس کے بعد شہری موٹر وے تک سفر کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کراچی کے عوام کے لیے ایک بڑی سفری سہولت ہوگی۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ کراچی پورٹ سے تاج حیدر برج تک ایک بڑا روڈ منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے اور اس منصوبے کا سنگ بنیاد بھی جلد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی وجہ سے شہریوں کو مسائل کا سامنا رہا تاہم حکومت کی کوشش رہی کہ اسے جلد مکمل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹر منصوبہ مکمل نہیں کر پا رہے تھے، اس لیے منصوبہ کسی اور کو دے دیا گیا۔ انہوں نے منصوبے میں تاخیر پر عوام کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت بھی کی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے چین کے دورے کے دوران اہم منصوبوں پر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں پینے کے صاف پانی، زراعت اور لائیو اسٹاک سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔
انہوں نے ایک خاتون ڈرگ ڈیلر کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ جب وہ وزیر تھے تو اس خاتون کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں ہوئی، تاہم اب وہ گرفتار ہو چکی ہے اور اس سلسلے میں اداروں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت میں اس کی پیشی کے معاملے کو غفلت قرار دیا جا سکتا ہے لیکن اس پر نوٹس لیا گیا، اس کا پولیس ریمانڈ لیا گیا اور اب وہ حراست میں ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں دیگر خطوں کے مقابلے میں میڈیا کو نسبتاً زیادہ آزادی حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں کی جانب سے ماورائے عدالت واقعات سے متعلق کیسز کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ان کا میڈیا میں اتنا ذکر نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے حکمران نسبتاً زیادہ لبرل سوچ رکھتے ہیں۔
پبلک سروس کمیشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ وہاں کسی قسم کی زیادتی ہوئی ہے تو وہ متعلقہ فورم پر شواہد کے ساتھ شکایت درج کرائیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر شواہد موجود ہوئے تو ضرور کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی افسر کا بیٹا افسر بن جائے تو یہ کوئی گناہ نہیں، ہر شعبے کا فرد اپنے بچوں کو بہتر تعلیم اور تیاری فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو شکایت ہو کہ کسی کو غلط طریقے سے پاس کیا گیا ہے تو وہ شواہد کے ساتھ سامنے آئے، حکومت کارروائی کرے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ملک کے ہر بچے کو معلوم ہے کہ قائدِ عوام نے ایٹمی پروگرام کے آغاز اور اس کی بنیاد رکھنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے رہنماؤں نے جو بھی کیا پاکستان کے لیے کیا اور اس کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کیے ۔ ایٹمی پروگرام اس وقت شروع ہوا تھا جب کوئی سیاست میں آیا بھی نہیں تھا۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.