وفاقی حکومت کی جانب سے واں مالی سال کی اقتصادی کارکردگی کے بارے میں اقتصادی سروے کل جاری ہوگا
وفاقی حکومت کا رواں مالی سال 26-2025 کے لیے مقرر کردہ معاشی شرح نمو سمیت زیادہ تر معاشی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہنے کا انکشاف ہوا ہے تاہم ترسیلات زر، سروسز سمیت متعدد شعبوں میں اہداف حاصل کرلیے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے واں مالی سال کی اقتصادی کارکردگی کے بارے میں اقتصادی سروے کل جاری ہوگا، ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں ملک کی معاشی شرح نمو 4.2 فیصد ہدف کے مقابلے میں 3.7 فیصد تک محدود رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف)، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بھی شرح نمو کم رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ فی کس آمدن، زراعت اور صنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف بھی پورا نہیں ہوسکا ہے تاہم ترسیلات زر میں اضافہ ہوا اور خدمات کے شعبے کی کارکردگی بہتر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال میں اوسط مہنگائی7.50 فیصد سالانہ ہدف کے مقابلے میں 11 ماہ کے دوران 7 فیصد رہی ہے جبکہ مئی میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 11.66 فیصد تک پہنچ گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال فی کس آمدنی کا سالانہ ہدف 5 لاکھ 60 ہزار 803 روپے تھا جبکہ فی کس آمدن 5 لاکھ 33 ہزار 629 روپے تک محدود رہنے کا خدشہ ہے البتہ ڈالروں میں فی کس آمدنی 150 ڈالر اضافے سے 1901 ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ زراعت اور صنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف بھی حاصل نہیں ہوسکا ہے، زرعی شعبے کی عبوری کارکردگی 4.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 2.89 فیصد، صنعتی شعبے کی گروتھ 4.30 فیصد ٹارگٹ کے برعکس 3.51 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
اسی طرح رواں مالی سال خدمات کے شعبے کی کارکردگی 4 فیصد ہدف سے کچھ زیادہ 4.09 فیصد رہنے کا امکان ہے، ترسیلات زر میں 9 فیصد اور مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں ترسیلات 38 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جون کے آخر تک 41 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اشیا کی برآمدات کا ہدف تو 35.3 ارب ڈالر تھا تاہم 11ماہ میں 28ارب ڈالر تک محدود رہی ہیں اسی طرح درآمدات کا ہدف 65.2 ارب ڈالر تھا جبکہ رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ(جولائی تا مئی)کے دوران ملک کی درآمدات 63 ارب ڈالر رہی ہیں اور توقع ہے کہ جون تک حتمی اعدادوشمار میں برآمدات و درآمدات کے اہداف بھی حاصل ہوجائیں گے۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.