Native World News

ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی،جعلی دستاویزات میں ملوث غیر مجاز ٹریول ایجنٹ گرفتار

ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی،جعلی دستاویزات میں ملوث غیر مجاز ٹریول ایجنٹ گرفتار

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بحرین جانے والے ایک مسافر کو مشکوک سفری دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات میں ملوث غیر مجاز ٹریول ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بحرین جانے والے ایک مسافر کو مشکوک سفری دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا۔ جانچ پڑتال کے دوران پاسپورٹ کے ایک صفحے سے جعلی اسپین ویزا ہٹانے کا انکشاف ہوا، جبکہ مختلف ممالک کے مشتبہ اور جعلی امیگریشن اسٹیمپس بھی پائے گئے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافر نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ غیر مجاز ٹریول ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف ممالک بھجوانے کے اشتہارات چلاتا تھا۔

موبائل فونز سے یورپی ممالک میں غیر قانونی امیگریشن، ڈنکی روٹس، جعلی ویزوں، افغان شہریوں کی بیرون ملک منتقلی اور کروڑوں روپے کے مالی لین دین سے متعلق اہم شواہد برآمد ہوئے۔ ملزم کے قبضے سے متعدد سم کارڈز، اے ٹی ایم کارڈز، مختلف افراد کے تعلیمی و سفری دستاویزات، ویزوں کی تصاویر اور مشتبہ چیٹس بھی برآمد کی گئیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم جعلی ویزا، ایڈٹ شدہ دستاویزات اور غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورک میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کو آف لوڈ کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ، جعلی سفری دستاویزات اور غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Source: https://www.express.pk/story/2813323/fia-immigration-operation-unauthorized-travel-agent-involved-in-forged-documents-arrested-2813323

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.