Native World News

بالی ووڈ اداکارہ کا اکشے کمار سے متعلق چونکا دینے والا انکشاف

بالی ووڈ اداکارہ کا اکشے کمار سے متعلق چونکا دینے والا انکشاف

اکشے کمار کی نئی فلم ویلکم ٹو دی جنگل 26 جون کو ریلیز ہو رہی ہے اور اس گانے نے دھوم مچادی ہے

بالی ووڈ اور بھوجپوری اسٹار اکشرا سنگھ نے آنے والی فلم ویلکم ٹو دی جنگل میں اکشے کمار کے ساتھ کام کے دوران گانے 'گھس گھس گھس' کی شوٹنگ کے موقع پرپیش آنے والے واقعے کے حوالے سے چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اکشرا سنگھ نے اکشے کمار کی نئی فلم ویلکم ٹو دی جنگل کے گانے ‘گھس گھس گھس’ کی شوٹنگ کے دوران بالی ووڈ ہیرو کے ساتھ کردار کو اپنی زندگی کا ایک یادگار موقع قرار دیا اور بتایا کہ جب انہیں پہلی بار یہ پیشکش ملی تو وہ بیک وقت گھبرائی ہوئی بھی تھیں اور بے حد پُرجوش بھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا یہ گانا اکشے کمار کے ساتھ ایک خصوصی بھوجپوری انداز کے اشتراک کی علامت ہے، جس نے اپنی رنگین جھلکیوں اور بھرپور توانائی سے بھرے مظاہرے کی وجہ سے مداحوں میں پہلے ہی خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔

اکشرا سنگھ نے شوٹنگ کے دوران اکشے کمار کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ شدید بخار کے باوجود اداکار نے بغیر کسی سستی یا شکایت کے شوٹنگ جاری رکھی اور اکشے کمار کی اپنے کام سے لگن نے سیٹ پر موجود ہر شخص کو متاثر کیا اور بطور فن کار ان پر بھی گہرا اثر پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی بات یہ تھی کہ شوٹنگ کے دوران انہیں 103 سے 104 ڈگری بخار تھا، میں مسلسل انہیں دیکھ رہی تھی اور مجھے احساس ہوا کہ انہیں اپنے کام اور فن سے کتنی محبت ہے، وہ بڑی ذمہ داری اور لگن کے ساتھ کام کرتے ہیں۔

اکشرا سنگھ نے بتایا کہ جب میرے ساتھ اکشے کمار کا نام جڑا سنا تو بہت جذباتی ہوگئیں اور حیران رہ گئیں تام ابتدا میں ہچکچاہٹ کا بھی شکار تھیں لیکن کوریوگرافر گنیش آچاریہ سے بات کرنے کے بعد اعتماد بحال ہوگیا اور یہ موقع ان کے لیے ایک خواب کی تعبیر بن گیا، خاص طور پر اس لیے کہ وہ ایک بڑی بالی ووڈ فلم کا حصہ بن رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پروڈکشن ہاؤس سے کال آئی اور بتایا گیا کہ ویلکم ٹو دی جنگل میں ایک گانا ہے اور مجھے اسے کرنا ہے، میں کچھ دیر کے لیے ہچکچائی، بعد میں گنیش آچاریہ کا فون آیا تو مجھے تسلی ہوئی اور انہوں نے پوچھا کہ کیا میں یہ گانا کروں گی تو میں نے پوچھا کہ یہ کس قسم کا گانا ہے، جس پر تو انہوں نے بتایا کہ یہ ایک شان دار گانا ہے اور مجھے یقیناً پسند آئے گا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ گنیش آچاریہ نے انہیں گانا کرنے کی ترغیب دی اور جس لمحے میں نے گنیش اور اکشے سر کا نام سنا، میں بالکل ساکت رہ گئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اکشے کمار کی نئی فلم ویلکم ٹو دی جنگل میں گھس گھس گھس ایک پرجوش گانا ہے اور فلم کے رنگا رنگ اور مزاحیہ انداز کی عکاسی کرتا ہے، جس میں اکشے کمار بھوجپوری طرز کی پرفارمنس دیتے نظر آرہے ہیں اور ان کے ساتھ اکشرا سنگھ بھی شامل ہیں، گانا رقص، مزاح اور بھرپور فلمی جوش و خروش پر مبنی ہے۔

خیال رہے کہ فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘کی ہدایت کاری احمد خان کی ہے اور اس میں بالی ووڈ اسٹارز کی ایک بڑی تعداد شامل ہے، جن میں سنیل شیٹی، پریش راول، جیکی شروف، دیشا پٹانی، جیکولین فرنینڈس، ارشد وارثی، روینہ ٹنڈن اور بالی ووڈ کے 30 سے زائد دیگر فنکار شامل ہیں۔

اکشے کمار کی نئی فلم ویلکم ٹو دی جنگل 26 جون کو ریلیز ہوگی جبکہ بڑی کاسٹ اور بڑے پیمانے کی وجہ سے یہ فلم پہلے ہی شائقین اور فلمی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819257/bollywood-actress-shooting-shocking-revelation-about-akshay-kumar-2819257

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.