Native World News

غیر قانونی سگریٹوں کے کاروبار پر قابو پانے کیلیے بجٹ میں اہم اقدامات کا فیصلہ

غیر قانونی سگریٹوں کے کاروبار پر قابو پانے کیلیے بجٹ میں اہم اقدامات کا فیصلہ

موجودہ نظام کو تبدیل کرکے 3 درجوں پر مشتمل نیا ٹیکس ڈھانچہ متعارف کرانے کی تجویز تیار

وفاقی حکومت نے ملک میں غیر قانونی سگریٹوں کے بڑھتے ہوئے کاروبار پر قابو پانے کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اہم اقدام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فنانس بل 2026 کے ذریعے سگریٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کے موجودہ دو درجوں پر مشتمل نظام کو تبدیل کرکے 3 درجوں پر مشتمل نیا ٹیکس ڈھانچہ متعارف کرانے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایک جانب غیر قانونی سگریٹوں کی تجارت کی حوصلہ شکنی کرنا اور دوسری جانب دستاویزی تمباکو صنعت کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق اس وقت مقامی مارکیٹ کا تقریباً 56 فیصد حصہ غیر قانونی سگریٹوں پر مشتمل ہے، جس کے باعث قومی خزانے کو بھاری محصولات کا نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ قانونی طور پر کام کرنے والی تمباکو صنعت بھی شدید دباؤ کا سامنا کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق بین الاقوامی ڈونر اداروں نے بھی سگریٹوں پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی بلند شرح اور غیر قانونی تجارت کے بڑھتے ہوئے حجم پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان اداروں کا مؤقف ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں تقریباً 200 فیصد اضافے کے نتیجے میں دستاویزی اور منظم شعبے کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ غیر قانونی کاروبار کو فروغ ملا۔

مجوزہ فنانس بل 2026 کے تحت فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا تیسرا درجہ متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے مطابق ایف ای ڈی کی شرح تقریباً 3,200 روپے فی ایک ہزار سگریٹ اسٹکس مقرر کی جا سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے قانونی صنعت کو زیادہ مسابقتی ماحول میسر آئے گا اور غیر قانونی سگریٹوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے میں مدد ملے گی۔

موجودہ نظام کے تحت مقامی طور پر تیار کردہ ایسے سگریٹ جن کی پیک پر درج خوردہ قیمت 12,500 روپے فی ہزار سگریٹ سے زائد ہو، ان پر 16,500 روپے فی ہزار سگریٹ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد ہے۔

اسی طرح جن سگریٹوں کی پیک پر درج خوردہ قیمت 12,500 روپے فی ہزار سگریٹ کے برابر یا اس سے کم ہو، ان پر 5,050 روپے فی ہزار سگریٹ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ 3 درجوں پر مشتمل نظام کے ذریعے حکومت غیر قانونی تجارت کے پھیلاؤ کو محدود کرنے، محصولات میں بہتری لانے اور قانونی تمباکو صنعت کو درپیش مشکلات میں کمی لانے کی کوشش کرے گی۔

Source: https://www.express.pk/story/2816994/important-steps-decided-in-the-budget-to-control-the-illegal-cigarette-trade-2816994/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.