شہدا کی نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، لواحقین، سول و عسکری حکام کی شرکت
شہر قائد میں دہشت گرد حملے میں شہید پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہدا کی نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کا حساب لیا جائے گا، دہشتگردی کرنے والے عناصر چاہیے وہ کہیں بھی ہوں سیکیورٹی فورسز ان کا پیچھا کر کے کیفرکردار تک پہنچائیں گی۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ملک سے اس کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے، بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔
کراچی رینجرز کیمپ حملہ؛ بھارتی حمایت یافتہ تنظیم کے 3 دہشتگرد ہلاک، افغان خارجی گرفتار
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے رینجرز کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
بعد از نماز جنازہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ اس جگہ کا دورہ بھی کیا جہاں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گردوں نے رات گئے کراچی صفورہ میں موجود رینجرز کے کیمپ پر حملہ کیا تھا جس میں تین خوارج ہلاک ہوگئے جب کہ ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جو کہ افغان شہری ہے۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.