ارمان ملک اپنی دو بیویوں کے ساتھ غیر روایتی ازدواجی زندگی کے باعث تنازعات کا مرکز بنتے رہے ہیں
بھارتی یوٹیوبر اور ’بگ باس او ٹی ٹی 3‘ کے سابق کنٹسٹنٹ ارمان ملک ایک بار پھر اپنی نجی زندگی اور متنازع ریمارکس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔ اس بار تنازع ان کے ایک وی لاگ میں کیے گئے اس بیان پر کھڑا ہوا ہے جس میں انہوں نے اپنی پہلی اہلیہ پائل ملک کے لباس پر رائے دی۔
تازہ ویڈیو میں ارمان ملک نے صبح کے وقت پائل ملک کے ٹی شرٹ اور ہاف پینٹ پہننے پر ناراضی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پائل نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت بچے کی دیکھ بھال میں مصروف تھیں، تاہم ارمان نے اپنی دوسری اہلیہ کریتیکا کے سامنے پائل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ہمیشہ اسی طرح لوئر اور ٹی شرٹ میں رہیں گی تو شوہر ان سے محبت کیوں کرے گا، اور ممکن ہے کہ دو ماہ میں طلاق ہو جائے۔
یہ جملہ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے ارمان ملک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مختلف پلیٹ فارمز پر ان کے رویے کو غیر مناسب قرار دیا۔ کئی صارفین نے لکھا کہ ارمان اکثر پائل کو نشانہ بناتے ہیں جبکہ کریتیکا کے ساتھ نرم رویہ رکھتے ہیں۔
ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ کیا شوہر کی محبت صرف لباس اور ظاہری شکل سے مشروط ہوتی ہے، جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ ارمان خود بھی آرام دہ لباس میں نظر آتے ہیں مگر بیوی کو لیکچر دیتے ہیں، جو دہرا معیار ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ ہریانہ سے تعلق رکھنے والے ارمان ملک اپنی دو بیویوں کے ساتھ غیر روایتی ازدواجی زندگی کے باعث پہلے بھی متعدد بار تنازعات اور آن لائن بحث کا مرکز بنتے رہے ہیں۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.