ہماری فیڈریشن اور حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اب ردِعمل کا نہیں، عمل کا وقت ہے، کپتان عماد بٹ
پرو ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن پرفارمنس پر ہاکی ٹیم کے کپتان نے معافی مانگ لی۔
کپتان عماد بٹ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ٹیم کی کارکردگی پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ پرو ہاکی لیگ میں نتائج حوصلہ افزا نہیں رہے، پوری قوم سے معذرت خواہ ہوں۔ آپ سب کے سپورٹ کا شکریہ، جو اب بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری جدوجہد کو سمجھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بطور کھلاڑی شکست کا بوجھ سینے پر لے کر سونا آسان نہیں ہوتا، ہم نے اپنی پوری استطاعت کے مطابق بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کی۔ کہا جاتا ہے کہ چیمپیئن پیدا نہیں ہوتے، چیمپیئن بنائے جاتے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم نے وہی کیا جو ہماری استطاعت میں تھا البتہ دنیا کی بہترین ٹیموں سے مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صلاحیت بڑھانا ہوگی۔ ہماری فیڈریشن اور حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اب ردِعمل کا نہیں، عمل کا وقت ہے۔
عماد بٹ کہتے ہیں کہ تنقید کے باوجود بولتا رہوں گا، وہ سب کروں گا جو ہمارے کھلاڑیوں کو پرفارم کرنے کے لیے درکار ہے۔
ان کا موقف تھا کہ آپ کو ہمارے نتائج نظر آتے ہیں، لیکن آپ کو دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں کی طویل المدتی تربیت کا عمل نظر نہیں آتا۔ وہ اپنے کھلاڑیوں کو لمبے عرصے کے لیے تیار کرتے ہیں، ہمیں اکثر ٹورنامنٹ سے ٹھیک پہلے ٹریننگ کیمپ کا اعلان ہونے کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔
کپتان ہاکی ٹیم کے مطابق شکایت نہیں کر رہا، ہاکی کی بہتری اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے مطالبہ کر رہا ہوں۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.