Native World News

حکومت کی معاشی اصلاحات سے قرضوں کا دباؤ کم، زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں بہتری

حکومت کی معاشی اصلاحات سے قرضوں کا دباؤ کم، زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں بہتری

قرضوں کی واپسی میں مثبت پیش رفت اور ذخائر میں اضافہ دیرپا حکومتی پالیسیوں اور مؤثر معاشی اقدامات کا نتیجہ ہے، مشیر وزیر خزانہ

حکومت کا کہنا ہے کہ حالیہ معاشی اصلاحات کے نتیجے میں قومی خزانے پر قرضوں کا دباؤ نسبتاً کم ہوا ہے، مالی نظم و ضبط بہتر ہوا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ان اقدامات سے قرضوں کی واپسی کے خطرات میں کمی اور مالی استحکام کو تقویت ملی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مرکزی حکومتی قرضوں کی شرح نمو گزشتہ 15 برس کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان کا مرکزی حکومتی قرض 81.9 کھرب روپے ہے، جبکہ 97 سے 100 کھرب روپے کے جن اعداد و شمار کا حوالہ دیا جاتا ہے، ان میں نجی شعبے کے واجبات بھی شامل ہوتے ہیں۔

خرم شہزاد نے بتایا کہ پاکستان کا قرض برائے جی ڈی پی تناسب، جو پہلے تقریباً 76 فیصد تھا، کم ہو کر 68 فیصد رہ گیا ہے۔ 2023 میں حکومتی قرض بڑھنے کی رفتار 23 فیصد تھی، جو اب کم ہو کر 5 فیصد رہ گئی ہے، اور یہ گزشتہ ڈیڑھ دہائی کی کم ترین شرح ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی قرضوں کی اوسط مدت 2.8 سال سے بڑھ کر 3.8 سال ہو گئی ہے، جس سے قرضوں کی واپسی کا خطرہ کم ہوا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 4.7 کھرب روپے کے مہنگے قرضے قبل از وقت ختم یا واپس کیے گئے، جس کے باعث مالی سال 2026 میں سودی اخراجات 8.89 کھرب روپے سے کم ہو کر 6.94 کھرب روپے رہ گئے اور تقریباً 2 کھرب روپے کی بچت ہوئی۔

مشیر وزیر خزانہ کے مطابق مالی سال 2023 میں وفاقی آمدن کا 64 فیصد حصہ سود کی ادائیگی پر خرچ ہوتا تھا، جو اب کم ہو کر تقریباً 40 فیصد رہ گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کے باعث درآمدی بل کی ادائیگی کی گنجائش 2 ہفتوں سے بڑھ کر تقریباً 3 ماہ تک پہنچ گئی ہے۔ قرضوں کی واپسی میں مثبت پیش رفت اور ذخائر میں اضافہ دیرپا حکومتی پالیسیوں اور مؤثر معاشی اقدامات کا نتیجہ ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819470/governments-economic-reforms-have-reduced-debt-pressure-significantly-improved-foreign-exchange-reserves-2819470

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.