Native World News

پنجاب میں 16 تا 18 سالہ نوجوانوں کو ڈرائیونگ پرمٹ دینے کا فیصلہ

پنجاب میں 16 تا 18 سالہ نوجوانوں کو ڈرائیونگ پرمٹ دینے کا فیصلہ

جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے تحت نوجوان صرف بائیک چلانے کے اہل ہوں گے، 125 سی سی تک یا اسکوٹی چلانے کی اجازت ہوگی

پنجاب میں نوجوانوں کے لیے بڑی خوش خبری سامنے آگئی، پنجاب حکومت نے 16 سے 18 سال کے نوجوانوں کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پنجاب ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق 16 سے 18 سال کے نوجوانوں کو موٹر سائیکل کا ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیا جائے گا، جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے تحت نوجوان صرف موٹر سائیکل چلانے کے اہل ہوں گے، جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ پر 125 سی سی تک موٹر سائیکل یا اسکوٹی چلانے کی اجازت ہوگی۔

ترجمان کے مطابق جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کی سالانہ فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے، جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے اسمارٹ کارڈ یا ب فارم لازم ہے، والدین کے اجازت نامے کے بغیر جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ نہیں جاری کیا جائے گا،  ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے پہلے سائن ٹیسٹ اور پھر روڈ ٹیسٹ لیا جائے گا، سائن ٹیسٹ اور روڈ ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کو  فوری موقع پر ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے نوجوان اپنے قریبی لائسنسنگ سینٹر کا وزٹ کریں، رواں ہفتے سے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کا اجرا شروع ہو جائے گا، ڈرائیونگ پرمٹ رکھنے والے نوجوان موٹر سائیکل اور اسکوٹی پر ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں، موٹر سائیکل پر انڈی کیٹر اور سائیڈ ویو مررز لازمی ہونے چاہیے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین، سگنلز اور حد رفتار کی پابندی محفوظ سفر کے لیے لازمی ہے، ون وے، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے پر سخت قانونی کاروائی ہوگی، سنگین اور متعدد ٹریفک خلاف ورزیوں پر ڈرائیونگ پرمٹ منسوخ کردیا جائے گا۔

Source: https://www.express.pk/story/2817950/punjab-decision-to-issue-driving-permits-to-16-18-year-olds-2817950

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.