Native World News

9 سال قبل بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو شراب کے نشے نے پکڑوا دیا؛ ڈرامائی کیس

9 سال قبل بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو شراب کے نشے نے پکڑوا دیا؛ ڈرامائی کیس

ملزم نے قتل کے 9 سال بعد دوستوں کے سامنے شراب کے نشے میں اپنے جرم کا اعتراف کیا

بھارت میں 9 سال قبل بیوی کو دریا میں دھکا دے کر قتل کرنے والے شوہر کو بالآخر ڈرامائی انداز میں گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں تقریباً نو سال قبل 2017 میں پیش آنے والے ایک پراسرار گمشدگی اور موت کے کیس کا ڈرامائی انجام سامنے آ گیا۔

پولیس نے خاتون کوملبین سولنکی کو دریا میں دھکا دے کر قتل کرنے کے الزام میں اس کے شوہر دنیش بھائی سولنکی کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 25 جون 2017 کو رتھ یاترا کے دن ملزم اپنی اہلیہ کو شہر کی سیر کرانے کے بہانے گھر سے لے گیا۔ دونوں نے دن بھر مختلف مقامات پر وقت گزارا جس کے بعد رات گئے وہ سابرمتی ریور فرنٹ پہنچے۔

تحقیقات کے مطابق بات چیت کے دوران ملزم نے اچانک اپنی بیوی کو اٹھا کر دریائے سابرمتی میں پھینک دیا جس سے وہ ڈوب کر ہلاک ہوگئی۔

قتل کے اگلے روز ہی ملزم کالوپور پولیس اسٹیشن پہنچا اور اپنی اہلیہ کی گمشدگی کی جھوٹی رپورٹ درج کرا دی تاکہ قتل کو لاپتا ہونے کا واقعہ ظاہر کیا جاسکے۔

اسی دوران خاتون کی لاش دریا سے مل گئی تاہم چونکہ گمشدگی اور لاش ملنے کے مقدمات مختلف پولیس اسٹیشنوں میں درج ہوئے اور دونوں کے درمیان رابطے میں خامی رہی اس لیے لاش کی بروقت شناخت نہ ہوسکی۔

بعد ازاں اسے لاوارث قرار دے کر آخری رسومات بھی ادا کر دی گئیں جبکہ مقدمہ بھی حادثاتی موت سمجھ کر بند کر دیا گیا تھا۔

9 سال بعد راز کیسے کھلا؟

کرائم برانچ کے مطابق حال ہی میں ملزم نے اپنے چند دوستوں کے سامنے شراب کے نشے میں بیوی کے قتل کا اعتراف کرلیا۔ یہ اطلاع پولیس تک پہنچی تو پرانا کیس دوبارہ کھولا گیا۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے موبائل فون کے تکنیکی شواہد، پرانے گواہوں کے بیانات اور دیگر ریکارڈ کا ازسرنو جائزہ لیا جس سے قتل کی منصوبہ بندی اور ملزم کے کردار کی تصدیق ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان شادی کے صرف چار ماہ بعد ہی گھریلو تنازعات شروع ہوگئے تھے جو وقت گزرنے کے ساتھ شدت اختیار کرتے گئے۔ انہی اختلافات کے باعث ملزم نے بیوی کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔

کرائم برانچ نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا پہلے سے بھی مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے۔ گرفتاری کے بعد اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے سابرمتی ریور فرنٹ ویسٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819108/husband-arrest-killing-wife-after-9-years-2819108/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.