Native World News

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر تاجروں و صنعتکاروں کا ردعمل بھی آگیا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر تاجروں و صنعتکاروں کا ردعمل بھی آگیا

بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے پیداواری لاگت کو خطے کے دیگر ممالک کے برابر لایا جائے، تاجر برادری

ملک کی تاجر و صنعت کار برادری نے ردعمل میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو توانائی کے شعبے میں مزید اصلاحات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اور اس کے ذریعے پیداواری لاگت کو خطے کے دیگر ممالک کے برابر لایا جائے ۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری، آل پاکستان انجمن تاجراں و ٹریڈ ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 74روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67روپے فی لیٹر کمی کے اعلان کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ نہ صرف عوام بلکہ صنعت، تجارت، زراعت اور ٹرانسپورٹ سمیت معیشت کے تمام شعبوں کے لیے انتہائی مثبت اور دور رس نتائج کا حامل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پاکستانی عوام اور کاروباری طبقے تک منتقل کرنا حکومت کا دانش مندانہ فیصلہ ہے، ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے اشیائے ضروریہ کی ترسیل، مال برداری، پیداواری لاگت اور کاروباری اخراجات میں کمی آئے گی جس سے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت کو توانائی کے شعبے میں مزید اصلاحات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ صنعتی، تجارتی اور گھریلوصارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے، اضافی سرچارجز اور غیر ضروری مالی بوجھ کم کیے جائیں اور بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے پیداواری لاگت کو خطے کے دیگر ممالک کے برابر لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدی صنعت اس وقت شدید علاقائی مسابقت کا سامنا کر رہی ہے، ایسے میں سستی بجلی اور سستا ایندھن ہی ملکی صنعت کو عالمی منڈی میں مؤثر مقابلے کے قابل بنا سکتا ہے، اگر حکومت توانائی کی قیمتوں میں مزید کمی لانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اس سے برآمدات، سرمایہ کاری، روزگار اور صنعتی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کو ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے میں بطور ثالث اہم کردار ادا کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر عالمی سفارت کاری میں اپنی اہمیت ایک بار پھر منوائی ہے۔ ا

نہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے نہ صرف خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی توانائی منڈیوں میں استحکام پیدا ہوگا جس کے مثبت اثرات پاکستان سمیت پوری دنیا کی معیشت پر مرتب ہوں گے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ کاروباری برادری وزیراعظم اور قومی قیادت کی جانب سے معاشی استحکام، علاقائی امن اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیےکیے جانے والے اقدامات کو سراہتی ہے اور امید کرتی ہے کہ توانائی، ٹیکس اور کاروباری اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

Source: https://www.express.pk/story/2818297/petroleum-products-prices-reduce-traders-industrialists-reaction-2818297/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.