Native World News

وینزویلا زلزلہ، عالمی برادری کی جانب سے کروڑوں ڈالر کی امداد اور ریسکیو ٹیمیں روانہ

وینزویلا زلزلہ، عالمی برادری کی جانب سے کروڑوں ڈالر کی امداد اور ریسکیو ٹیمیں روانہ

حکام کو خدشہ ہے کہ ملبہ ہٹنے کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے

دو طاقتور زلزلوں سے لرزنے والے وینزویلا کی مدد کے لیے دنیا بھر سے امدادی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ مختلف ممالک، عالمی اداروں اور فلاحی تنظیموں نے نقد امداد، ریسکیو ٹیمیں اور ہنگامی سامان متاثرہ علاقوں کی جانب بھیجنا شروع کر دیا ہے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بدھ کو آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے مسلسل دو زلزلوں میں کم از کم 188 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ڈیڑھ ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

جبکہ تقریباً 200 افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زلزلوں کے باعث کم از کم 250 عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

اقوام متحدہ کے امدادی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے بتایا کہ عالمی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کی تعیناتی کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کے مطابق آنے والے دنوں میں متاثرین کی بحالی کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ اور بڑے پیمانے پر کوششیں کرنا ہوں گی۔

انہوں نے یاد دلایا کہ زلزلے سے پہلے بھی وینزویلا میں تقریباً 80 لاکھ افراد انسانی امداد کے محتاج تھے جبکہ اس نئی آفت نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے وینزویلا کے لیے 15 کروڑ ڈالر کی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں 5 کروڑ ڈالر اقوام متحدہ کے عالمی غذائی پروگرام اور دیگر امدادی اداروں کے لیے جبکہ 10 کروڑ ڈالر اقوام متحدہ کے امدادی فنڈ میں دیے جائیں گے۔

ادھر ویٹی کن نے بھی زلزلہ متاثرین کے لیے ایک لاکھ یورو کی فوری امداد مختص کر دی ہے جبکہ معروف شیف اور ورلڈ سینٹرل کچن کے بانی خوسے آندریس نے کاراکاس میں متاثرین کو کھانا فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے مزید 10 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور حکام کو خدشہ ہے کہ ملبہ ہٹنے کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819275/venezuela-earthquake-international-community-sends-millions-of-dollars-in-aid-and-rescue-teams-2819275

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.